متحدہ عرب امارات نے عوامی تحفظ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے نیا قانون نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا اطلاق یکم جون سے پورے ملک میں ہوگا۔
اماراتی حکام کے مطابق اس قانون کے تحت عوامی مقامات اور تقریبات کے لیے نئے حفاظتی اصول متعارف کرائے گئے ہیں۔ ان کے مطابق تمام عوامی مقامات اور ایونٹس میں محفوظ داخلہ اور اخراج کے واضح انتظامات لازمی ہوں گے۔
نئے قواعد کے تحت تقریبات کے منتظمین کو مناسب روشنی، مقررہ گنجائش کی پابندی اور آگ بجھانے کا سامان فراہم کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ ہنگامی انخلا کے منصوبے، فرسٹ ایڈ کی سہولت اور تربیت یافتہ حفاظتی عملے کی موجودگی بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ بغیر اجازت دھماکا خیز مواد یا آتش بازی کا سامان رکھنے پر پابندی ہوگی، جبکہ خطرناک یا آتش گیر مادوں کے استعمال اور نقل و حمل پر بھی سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ اسی طرح ساحلوں پر تیراکی کے لیے مقررہ اوقات کی پابندی اور ممنوع علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 500 درہم سے لے کر 10 لاکھ درہم تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا، جبکہ ایک ہی سال میں دوبارہ خلاف ورزی کی صورت میں جرمانہ 20 لاکھ درہم تک بڑھایا جا سکتا ہے۔
یو اے ای کا عوامی تحفظ سے متعلق نیا قانون یکم جون سے نافذ ہوگا








