امریکا اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جنگ کے بعد ملک میں پیٹرول کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کے باعث کئی جامعات نے فزیکل کلاسز معطل کرکے آن لائن تدریس شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پیر 9 مارچ سے رمضان المبارک کے اختتام تک تمام مارننگ کلاسز آن لائن ہوں گی۔ رجسٹرار کے مطابق یہ فیصلہ طلبہ کو درپیش ممکنہ ٹرانسپورٹ مسائل اور پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ جامعہ کراچی میں ایوننگ کلاسز پہلے ہی آن لائن جاری ہیں۔
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کے مطابق پیٹرول بحران کے پیش نظر یونیورسٹی کی گاڑیوں کے استعمال میں بھی 25 فیصد تک کمی کر دی گئی ہے، اور یہ اقدام فی الحال مارچ کے مہینے تک نافذ رہے گا۔
دوسری جانب وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے بھی کراچی کیمپس میں 11 مارچ سے سمسٹر بریک (16 مارچ) تک تمام تدریسی سرگرمیاں آن لائن کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ اسلام آباد کیمپس میں کلاسز 9 مارچ سے 27 مارچ 2026 تک آن لائن جاری رہیں گی۔
اعلامیے کے مطابق غیر تدریسی عملے کو متبادل دنوں میں دفتر آنا ہوگا جبکہ باقی دنوں میں گھر سے کام کیا جائے گا، اور دفاتر میں 50 فیصد عملے کی موجودگی یقینی بنائی جائے گی۔ اس کے علاوہ سرکاری گاڑیوں کے مجاز افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری پیٹرول کا استعمال فوری طور پر بند کریں، البتہ خصوصی اجازت کی صورت میں زیادہ سے زیادہ 20 فیصد ماہانہ کوٹے تک استعمال کی اجازت ہوگی۔
اسی طرح این ای ڈی یونیورسٹی نے بھی کلاسز آن لائن منتقل کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر طفیل احمد کے مطابق اس حوالے سے انتظامی اجلاس ہو چکا ہے اور کسی حکومتی فیصلے کی صورت میں فوری عمل درآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال رمضان کے باعث مارننگ اور ایوننگ کلاسز معطل ہیں، تاہم آن لائن تدریس کی صورت میں طلبہ کو اسائنمنٹس اور آن لائن مباحثوں کے ذریعے تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔
پیٹرول بحران کے باعث جامعات میں فزیکل کلاسز معطل، آن لائن تدریس کا آغاز








