اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاک افغان سرحد کے ژوب سیکٹر میں سیکیورٹی فورسز نے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر جوابی کارروائیاں کرتے ہوئے دشمن کی دو چوکیاں نشانہ بنا دیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی جاری آپریشن غضب للحق کے تحت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے ژوب سیکٹر میں افغان طالبان کی چوکی نمبر دو اور تین کو درست نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں مخالف عناصر کو شدید نقصان پہنچا۔ بروقت اور بھرپور کارروائی کے باعث افغان طالبان اہلکار اپنی پوزیشنیں اور اسلحہ چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران پاک فوج نے افغان طالبان کے زیر قبضہ مورچوں سے روسی ساختہ 73 ملی میٹر بھاری گرینیڈ لانچر بھی قبضے میں لے لیے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پاک افواج کی طاقتور جوابی کارروائیوں کے باعث بھارتی سرپرستی میں سرگرم افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے عناصر پسپا ہو رہے ہیں اور سرحدی علاقوں میں ان کے ٹھکانے شدید دباؤ میں ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن غضب للحق جاری ہے اور دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے اور مقررہ اہداف کے حصول تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔









