تہران(نیوزڈیسک) عالمی برادری جنگ کے ذمہ داروں پر توجہ نہیں دیتی تو عالمی نظام اور سکیورٹی کو سنگین خطرات ہو سکتے ہیں، مسعود پزشکیان
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کا خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ کسی تنازع میں پڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف سے گفتگو کی ہے۔
دوران گفتگو مسعود پزشکیان نے کہا کہ عالمی برادری جنگ کے ذمہ داروں پر توجہ نہیں دیتی تو عالمی نظام اور سکیورٹی کو سنگین خطرات ہو سکتے ہیں۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کا خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ کسی تنازع میں پڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
وزیراعظم نے گفتگو کے دوران خطے میں حالیہ کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں اور مذاکرات کو ناگزیر سمجھتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں تمام فریقین کو تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ صورتحال مزید خراب نہ ہووزیراعظم نے کہا کہ پاکستان برادر اسلامی ملک ایران کے ساتھ اپنے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر سطح پر ایران کے ساتھ رابطوں اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اس موقع پر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو خطے میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے خطے میں حالیہ پیش رفت کے حوالے سے ایران کے مؤقف سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ علاقائی صورتحال میں باہمی رابطے اور مشاورت کو جاری رکھا جائے گا تاکہ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھایا جا سکے۔
ٹیلی فونک گفتگو کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے اور اعلیٰ سطحی رابطوں کو جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف نے ایران کے نومنتخب سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو خط لکھا تھا۔
وزیراعظم نےآیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت کا اظہارکیا اورانہوں نے ایران کے برادر عوام اور امت مسلمہ کے لیے پاکستانی عوام کی تعزیت اور دعاؤں کا اظہار کیا تھا۔









