لاہور (نیوز ڈیسک) ملک کے مختلف شہروں میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی، گلبرگ، ایم ایم عالم روڈ اور لبرٹی کے علاقے میں بارش اور ژالہ باری ہوئی جس سے موسم سرد ہوگیا۔
لیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوگیا، 125 فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی بند ہوگئی، جبکہ لاہور کے مختلف علاقوں میں 55 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہوئے۔
لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت بجلی کی ڈیمانڈ سپلائی کے مطابق ہے اور کوئی شارٹ فال نہیں۔
پنجاب کے شہروں میانوالی، سرگودھا اور دیگر شہروں میں موسلادھار بارش ہوئی، اٹک شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش ہوئی۔
اس کے علاوہ کندیاں، پھالیہ، چشمہ اور گردو نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، پنڈ دادنخان اور گردو نواح میں بادل خوب برسے، بھلوال اور دیگر علاقوں میں وقفہ وقفہ سے بارش ہوتی رہی، مریدکے اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
پشاور کے بھی مختلف علاقوں میں بارش ہوگئی، گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔
آزاد جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری سے سردی پھر لوٹ آئی۔









