بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا کو نیوزی لینڈ سے جیت کے بعد اپنی گرل فرینڈ مہیکا کے ساتھ گراؤنڈ میں جشن منانا مہنگا پڑ گیا۔
نیوزی لینڈ کو فائنل میں شکست کے دینے کے بعد جشن کے دوران ہاردیک پانڈیا کی گرل فرینڈ مہیکا شرما گراؤنڈ میں موجود تھیں، ہاردیک پانڈیا کی جانب سے بھارتی جھنڈا لپیٹ کر خاتون دوست کے ساتھ جشن منانا ’فحش عمل‘ قرار دے دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واجد خان ایڈووکیٹ نے ہاردیک پانڈیا کے خلاف ایف آئی آر کے لیے درخواست دی ہے۔
ایڈووکیٹ کا مؤقف ہے کہ ہاردیک پانڈیا نے ترنگے کو جسم پر لپیٹا اور گراؤنڈ میں فحش عمل کے مرتکب ہوئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وکیل واجد خان نے پونے پولیس کو مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی ہے۔
ایڈووکیٹ نے اپنی درخواست میں استدعا کی ہے کہ ہاردیک پانڈیا کے خلاف جھنڈے کی توہین کرنے پر ایف آئی آر درج کی جائے، ہاردیک پانڈیا کا عمل متعلقہ قانون کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہاردیک پانڈیا کے عمل کی وجہ سے قانونی کارروائی ہونی چاہیے، قومی جھنڈے کے وقار کا خیال رکھنا ہر شہری کی ذمے داری ہے۔
بعد ازاں واجد خان ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ نیشنل فلیگ ایکٹ 1971ء کے سیکشن ٹو کے تحت قومی جھنڈے کا وقار لازمی ہے، میری درخواست کو منظور کر لیا گیا ہے ، دیکھتے ہیں کیا کارروائی ہوتی ہے۔









