اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف چند گھنٹوں کے سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں۔ یہ دورہ سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد سے اہم ملاقات کریں گے جس میں خطے میں جاری کشیدگی، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ملاقات میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے کے امور بھی زیر غور آئیں گے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اس دورے سے عالمی اور علاقائی معاملات میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری سفارتی کردار کو مزید اجاگر کرنے میں مدد ملے گی اور پاکستان آئندہ بھی خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔









