بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ٹام کروز یا شاہ رخ خان نہیں لیکن اردگرد کے لوگوں سے زیادہ مقبول ہوں، فہد مصطفیٰ

نامور پاکستانی اداکار وٹی وی میزبان فہد مصطفیٰ نے کہا ہے کہ میں مغرور نہیں ہوں اور نہ ہی ٹام کروز یا شاہ رخ خان ہوں البتہ اپنے اردگرد کے لوگوں سے زیادہ مقبول ہوں۔

فہد مصطفیٰ پاکستان کے معروف ٹی وی اور فلمی اداکار ہیں جنہیں ان کی اداکاری اور مقبول گیم شو جیتو پاکستان کی میزبانی کے باعث بے حد پسند کیا جاتا ہے۔

حال ہی میں کامیاب ترین ڈرامے ’کبھی میں کبھی تم‘ میں اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ ان کی جوڑی کو بے حد سراہا گیا۔

اگرچہ فہد مصطفیٰ طویل عرصے سے کامیاب کیریئر رکھتے ہیں اور فلموں و پروڈکشن میں بھی نمایاں مقام رکھتے ہیں، لیکن وہ اکثر سوشل میڈیا پر اپنے مبینہ غرور، بلند آواز انداز اور لائیو شو میں دوسروں کے ساتھ سخت رویے کی وجہ سے بھی زیرِ بحث رہتے ہیں۔

حال ہی میں اداکار اپنی آنے والی فلم ’آگ لگی بستی میں‘ کی تشہیر کے لیے صحافی ملیحہ رحمان کے یوٹیوب شو میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے اپنے بارے میں پھیلنے والے غرور کے تاثر پر بات کی اور اس دوران انہوں نے سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو پر بھی طنز کیا۔


فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ میں مغرور نہیں ہوں، میں بس اتنا سمجھدار ہوں کہ مجھے معلوم ہے کہاں کھل کر بات کرنی ہے اور کہاں خود کو محدود رکھنا ہے اور اگر لوگ اسے غرور سمجھتے ہیں تو سمجھیں، یہ میرا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر مجھے لگے کہ میری اور سامنے والے کی ویو یا ماحول نہیں مل رہا تو میں خاموش ہو جاتا ہوں لیکن کبھی میں لوگوں کے ساتھ آسانی سے گھل مل جاتا ہوں اور کبھی نہیں، لوگ مجھے جانتے ہیں لیکن کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ میں نظر انداز ہو جاتا ہوں۔

ٹی وی میزبان نے کہا کہ میں اکثر تقریبات میں نہیں جاتا کیونکہ لوگ پہچان لیتے ہیں اور پھر وہ ایک مسئلہ بن جاتا ہے جب کہ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ میں ٹام کروز یا شاہ رخ خان ہوں، لیکن کبھی کبھی لوگوں سے ملنا تھکا دینے والا ہو جاتا ہے، ہر وقت آپ اچھے نہیں لگتے اور لوگ تصویریں بھی لے لیتے ہیں جو اکثر اچھی نہیں آتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انٹرویوز میں غلطیاں کرنے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ میں اتنی غلطیاں نہیں کرتا جتنی میرے اردگرد کے لوگ کر دیتے ہیں، میں مانتا ہوں کہ میں اتنا اہم اور مقبول ہوں کہ لوگ اپنے انٹرویوز میں میرا ذکر کرنا پسند کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ مشہور شخصیات ہر شو میں میرا ذکر کیوں کرتی ہیں، لیکن مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں بلکہ مجھے فخر محسوس ہوتا ہے کہ ہر کوئی میرا ذکر کرنا چاہتا ہے۔

فہد مصطفیٰ نے کہا کہ میں تعریف سے ڈرتا ہوں کیونکہ جب زیادہ تعریف ہو جائے تو لوگ یہی سوچنے لگتے ہیں کہ اب مجھے دوبارہ کیسے نیچے لایا جائے۔