کراچی (نیوزڈیسک)پیپلز پارٹی کے رہنما عبدالقار پٹیل نے کہا ہے کہ کامران ٹیسوری کو نہ گورنر بننے کے وقت پتہ تھا نہ جاتے وقت پتہ لگا۔
عبدالقار پٹیل کراچی میں نادرا ماڑی پور سینٹر کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ڈی جی نادرا سندھ عامر علی نے عبدالقادر پٹیل کو بریفنگ دی۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ وفاق سے گزارش کرتا ہوں کہ بابو بھائی کو بھی وزارت میں لگایا جائے۔ کامران ٹیسوری کے جانے کے بعد فاروق ستار اکیلے ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گورنر صوبے کا سب سے اہم عہدہ ہوتا ہے، آئین میں گورنر کی حدود طے کی گئی ہیں، بندہ جب حدود کا خیال نہیں رکھے گا تو پھر ایسا ہی ہوتا ہے۔
عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ صوبے کی بات اور تقسیم کی بات ہی نا مناسب ہے، آج جس نادرا سینٹر کا افتتاح اس علاقے میں ہوا یہاں لوگ صدیوں سے آباد ہیں، اس علاقے میں ہر قومیت کے لوگ بھائیوں کی طرح بستے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم تقسیم کی بھی بات کرتی ہے، ایم کیو ایم والے قومی اسمبلی میں ترمیم لے کر بھی گھوم رہے ہیں۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی نے قرارداد منظور کی ہے کہ صوبہ بنایا جائے، مگر پنجاب میں صوبے کی بات نہیں ہو رہی ہے۔ سندھ اسمبلی نے بارہا صوبے کے خلاف قراردادیں منظور کیں، وہاں بیٹھ کر تقسیم کی بات نفرتوں کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔









