لاہور (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے لکی مروت کے علاقے شاگئی میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر محکمہ انسداد دہشت گردی کے افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
وزیر اعظم نے کارروائی کے دوران چھ خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سی ٹی ڈی کے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کی تعریف کی۔
اپنے بیان میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکار دن رات وطن عزیز کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں جس پر پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔
وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ وہ خود اور پوری قوم سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے کے عزم میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔









