سلمان علی آغا کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ضابطۂ اخلاق کی لیول 1 خلاف ورزی پر تنبیہ کی ہے اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ جاری کیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق 39ویں اوور میں رن آؤٹ ہونے کے بعد سلمان علی آغا نے غصے میں گلوبز اور ہیلمٹ زمین پر پھینکے، جو کہ کھیل کی اسپرٹ کے خلاف سمجھا گیا۔ اس رویے کو آرٹیکل 2.2 کے تحت نامناسب قرار دیا گیا، جو میچ کے دوران کرکٹ سامان یا گراؤنڈ کے آلات کے ساتھ نامناسب رویے کے لیے بنایا گیا ہے۔
آن فیلڈ امپائرز، تھرڈ امپائر اور فورتھ امپائر نے معاملے کی تصدیق کی، اور سلمان علی آغا نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے سزا قبول کر لی، جس کے باعث آئی سی سی کو سماعت کرنے کی ضرورت نہیں پڑی۔
ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں یہ گزشتہ 24 ماہ میں پہلی خلاف ورزی ہے۔ لیول 1 کی خلاف ورزی پر کم از کم سزا باضابطہ تنبیہ ہوتی ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ سزا میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹ ہو سکتے ہیں۔
اس دوران پاکستان نے دوسرے ایک روزہ میچ میں بنگلادیش کو 128 رنز سے شکست دی، جس سے تین میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی ہے، اور فیصلہ کن میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔
سلمان علی آغا کو ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر تنبیہ، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ








