سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے عیدالفطر کے موقع پر مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف بھرپور مہم چلانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
انہوں نے پولیس، ضلعی انتظامیہ، این ایچ اے، ٹریفک پولیس اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو حکم دیا کہ وہ غیر قانونی طور پر کرایہ بڑھانے والوں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کریں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بعض ٹرانسپورٹرز خودساختہ طور پر کرایوں میں اضافہ کر کے مسافروں پر اضافی مالی بوجھ ڈال دیتے ہیں، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ عوام کو سہولت فراہم کرنا اور بغیر اجازت کرایوں میں اضافے کو روکنا متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے علاقوں میں بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کی رپورٹ محکمے کو بھجوائی جائے۔
سینئر وزیر نے مزید کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ عوام کو مقررہ سرکاری کرایوں پر محفوظ اور آسان سفر کی سہولت ملے، اس لیے تمام ادارے فیلڈ میں متحرک رہیں اور شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنائیں۔
عید پر زائد کرایے لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی: شرجیل میمن








