بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

تحریک پاکستان کی جدوجہد حقیقی آزادی کی بنیاد تھی: ڈاکٹر سید حسن رضوی

کراچی (نیوز ڈیسک) تحریک پاکستان کے تاریخی پس منظر اور اس کے پیغام پر روشنی ڈالتے ہوئے ماہر تعلیم ڈاکٹر سید حسن رضوی نے کہا ہے کہ برصغیر میں انگریزوں اور ہندوؤں کے مسلمانوں کے ساتھ رویے کو دیکھتے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح نے مسلمانوں کے لیے علیحدہ ریاست کے قیام کی تحریک شروع کی۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کا واضح مؤقف تھا کہ مسلمان ایک الگ قوم ہیں جن کا رنگ، نسل، تہذیب اور طرز زندگی ہندوؤں سے مختلف ہے، اسی لیے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کا قیام ضروری تھا۔

ڈاکٹر سید حسن رضوی کے مطابق قائد اعظم کہا کرتے تھے کہ اس وقت مسلمان انگریزوں کے زیر تسلط ہیں لیکن انگریز جلد برصغیر چھوڑ کر جانے والے ہیں اور اگر مسلمانوں نے اپنا الگ وطن قائم نہ کیا تو وہ انگریزوں کے بعد ہندوؤں کے زیر تسلط آ جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قائد اعظم کے نزدیک مسلمانوں کی اکثریت والے علاقوں کو یکجا کر کے ایک الگ اور آزاد ریاست قائم کی جانی چاہیے جس کا نام پاکستان ہو۔

ڈاکٹر سید حسن رضوی نے یاد کیا کہ قائد اعظم اکثر کراچی کے سندھ مدرسۃ الاسلام آتے تھے جہاں وہ طلبہ سے خطاب کرتے اور انہیں آزادی کی جدوجہد کے لیے حوصلہ دیتے تھے۔

ان کے مطابق قائد اعظم کے خطابات کے دوران انگریزی میں نعرے لگائے جاتے تھے جن کا ترجمہ ادارے کے پرنسپل طلبہ کو سمجھاتے تھے۔ خطاب کے بعد طلبہ ٹرکوں میں سوار ہو کر کراچی کے مختلف علاقوں کا چکر لگاتے اور تحریک پاکستان کے حق میں نعرے لگاتے تھے۔

ڈاکٹر سید حسن رضوی نے بتایا کہ ان نعروں میں پاکستان زندہ باد، قائد اعظم زندہ باد، مسلم لیگ زندہ باد اور بن کے رہے گا پاکستان جیسے نعرے شامل ہوتے تھے جو نوجوانوں کے جذبے اور آزادی کے عزم کی عکاسی کرتے تھے۔