بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

صدر مملکت آصف علی زرداری سے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی ملاقات، سیاسی حلقوں میں اہمیت اختیار کر گئی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیر تعلیم اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ ملاقات کی، جسے سیاسی حلقوں میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی تبدیلی کے بعد ایم کیو ایم قیادت کی صدر مملکت سے یہ پہلی ملاقات ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کے انعقاد میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے اہم کردار ادا کیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران ایم کیو ایم پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے خاتمے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

ملاقات میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کامران ٹیسوری کی تبدیلی کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے کردار سے متعلق شکوہ بھی کیا۔ ذرائع کے مطابق اس پر انہیں بتایا گیا کہ نہال ہاشمی کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے درمیان طے پانے والے فارمولے کے تحت کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی آئندہ چند روز میں ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کی وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے بھی ملاقات کرائیں گے تاکہ سیاسی امور پر مزید مشاورت کی جا سکے۔