تہران (ویب ڈیسک)ایپسٹین کی باقیات نے نائن الیون جیسا واقعہ کرنے الزام ایران پر لگانے کی سازش تیار کی ہے، علی لاریجانی
ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی کا کہنا ہے کہ سُنا ہے ایپسٹین ٹیم کی باقیات نے نائن الیون جیسا واقعہ کرنے اور الزام ایران پر لگانے کی سازش تیار کی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں علی لاریجانی نے کہا کہ ایران بنیادی طور پر ایسے دہشت گرد منصوبوں کا مخالف ہے، ایران کی جنگ امریکی عوام کے ساتھ نہیں ہے۔
علی لاریجانی نے خبردار کیا ہے کہ امریکا اور اس کے اتحادی ایک ممکنہ ’فالس فلیگ‘ حملے کی سازش کر سکتے ہیں اور اس کا الزام ایران پر ڈال سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران اس قسم کی دہشت گردانہ کارروائیوں کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور اس کی امریکا کے عوام کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے۔
علی لاریجانی نے کہا کہ ایران اس وقت امریکا اور اسرائیل کی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کررہا ہے، اور دفاعی کارروائی میں مضبوط اور فیصلہ کن انداز میں جواب دے رہا ہے تاکہ ایران پر حملہ آوروں کو سزا دی جا سکے۔
خیال رہے کہ امریکی میڈیا نے اس سے قبل اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ ایف بی آئی نے فروری کے اوائل میں یہ انٹیلی جنس شیئر کی تھی کہ اگر امریکا ایران پر حملہ کرے تو تہران ممکنہ طور پر کیلیفورنیا کے ساحل کے قریب کسی نامعلوم جہاز سے ڈرون حملہ کر سکتا ہے۔








