اسلام آباد(نیوزڈیسک)چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سرفراز احمد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ہمیشہ آپ کے احسانات کی مقروض رہے گی۔
انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد قومی ٹیم کے سابق کپتان اور چیمپیئنز ٹرافی 2017 کے فاتح کپتان سرفراز احمد نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی۔
محسن نقوی نے پاکستان کرکٹ کیلئے سرفراز احمد کی گراں قدر خدمات کو سراہا اور سابق کپتان کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر اعزازی شیلڈ بھی دی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سرفراز احمد کے مسقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کا حق ادا کیا ہے، آپ نے پاکستان کرکٹ کو کامیابیوں سے سرفراز کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ آپ کے تجربے اور صلاحیتوں سے استفادہ جاری رکھے گی۔









