اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاک افغان سرحدی علاقے باجوڑ سیکٹر میں جاری آپریشن “غضب للحق” کے دوران پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف فیصلہ کن جوابی کارروائیاں جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے باجوڑ سیکٹر میں پاک افغان سرحد سے ملحقہ افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران سرحد پار موجود ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جہاں سے مبینہ طور پر دہشت گرد سرگرمیوں کی معاونت کی جا رہی تھی۔
ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد پر کارروائی کے دوران گائیڈڈ میزائل کے ذریعے بھی افغان طالبان کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں دشمن کے ٹھکانے تباہ ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن “غضب للحق” اپنے طے شدہ اہداف کے حصول تک جاری رہے گا اور سرحدی علاقوں میں دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رکھی جائیں گی۔









