اسلام آباد (نیوز ڈیسک) فقہ جعفریہ سے تعلق رکھنے والے جید علماء و مشائخ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز سے اہم ملاقات کی، جس میں قومی یکجہتی، امن و استحکام اور دفاعِ پاکستان کے حوالے سے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ملاقات کے اختتام پر جاری کیے گئے مشترکہ پیغامات میں علماء کرام نے مذہب کے نام پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملک میں امن کے قیام کیلئے ریاستی اداروں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے دفاعِ وطن کیلئے شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے پاک افواج کے کردار کو سراہا۔
مولانا زاہد عباس کاظمی نے کہا کہ وحدت علمائے اسلام کی جانب سے افواجِ پاکستان کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ ہر محاذ پر ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف افواج پاکستان کی نہیں بلکہ پوری قوم کی جنگ ہے، جبکہ وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے۔
علامہ شبیر حسن میثمی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کیلئے ہم نے قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے، اور ہر قسم کی داخلی و خارجی سازشوں کے خلاف ملک کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مولانا الطاف حسین نے کہا کہ افغانستان کی بلااشتعال جارحیت کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا، جبکہ قوم کو اپنی شناخت اور وطن پر فخر ہونا چاہیے۔
علامہ عارف واحدی نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کیلئے ایک عظیم نعمت ہے اور ملکی سالمیت سب سے مقدم ہے، جبکہ نوجوانوں پر زور دیا گیا کہ وہ کسی بھی ریاست مخالف سرگرمی کا حصہ نہ بنیں اور مثبت کردار ادا کریں۔
علماء کرام نے فتنہ الخوارج اور دیگر دہشتگرد عناصر کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے گروہ ملک میں بدامنی پھیلانے میں ملوث ہیں۔ اس موقع پر شہداء کے درجات کی بلندی اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔









