اسلام آباد (نیوز ڈیسک) آصف علی زرداری نے نوروز کے موقع پر قوم اور خطے کے عوام کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ نوروز بہار، تجدید اور روشنی کی فتح کی علامت ہے، جو امید اور نئے آغاز کا پیغام لے کر آتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں ثقافتی و مذہبی تنوع ہماری قومی طاقت ہے، جو ہمیں ایک دوسرے کے قریب لاتا اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ان تمام افراد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جو مشکل حالات میں نوروز منا رہے ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ جنگ زدہ علاقوں میں بہار خوشیوں کے بجائے درد اور مشکلات لے کر آئی ہے، جہاں نوروز کے خطوں میں پھولوں پر ملبہ اور خون کے سائے چھائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ افغانستان میں عوام کو نوروز کی خوشیاں منانے سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے۔
صدر مملکت نے افغان عوام کے لیے خصوصی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے یہ نوروز اندھیروں کے خاتمے اور روشنی کے آغاز کا پیغام لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ جنگ کے بادل چھٹیں گے اور امن کی روشنی پورے خطے میں پھیلے گی۔
آخر میں آصف علی زرداری نے دعا کی کہ یہ نوروز امن، استحکام اور امید کا پیغام لے کر آئے اور پوری دنیا کے لیے خوشیوں اور ترقی کا باعث بنے۔









