شانگلہ (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اور انجینئر امیر مقام نے اپنے آبائی ضلع شانگلہ کے علاقے پورن میں عیدالفطر کی نماز ادا کی، جہاں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی ان کے ہمراہ نماز عید میں شرکت کی۔
اس موقع پر انجینئر امیر مقام نے ملک کی ترقی، سلامتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کیں، جبکہ امت کو درپیش چیلنجز سے نجات کے لیے بھی دعا مانگی۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر محبت، اخوت اور اجتماعی خوشیوں کو بانٹنے کا دن ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ ہمیں عید کے موقع پر ضرورت مندوں اور کمزور طبقات کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنا چاہیے تاکہ معاشرے میں ہم آہنگی اور بھائی چارہ فروغ پا سکے۔ وفاقی وزیر نے پوری امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے عیدالفطر کی مبارکباد بھی پیش کی۔
انجینئر امیر مقام نے اس بابرکت موقع پر مظلوم فلسطینی عوام اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے بھی خصوصی دعائیں کیں، جو آزادی اور بنیادی حقوق کے حصول کے لیے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے سویلین، افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا۔









