ممبئی (نیوز ڈیسک) بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی آنے والی فلم Maatrubhumi کی ریلیز غیر متوقع طور پر مؤخر کر دی گئی ہے، جس کی بڑی وجہ اداکار و گلوکار پرشانت تمانگ کا انتقال بتایا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق فلم، جسے پہلے Battle of Galwan کے نام سے جانا جاتا تھا، رواں سال اپریل کے آغاز میں سینما گھروں کی زینت بننے والی تھی، تاہم اب اس کی ریلیز شیڈول متاثر ہو گیا ہے۔ فلم کی کچھ اہم شوٹنگ ابھی باقی ہے جبکہ اسکرپٹ میں بھی تبدیلیاں درکار ہیں۔
پرشانت تمانگ، جو Indian Idol 3 جیتنے کے بعد شہرت حاصل کر چکے تھے، فلم میں مرکزی ولن کا کردار ادا کر رہے تھے۔ انہوں نے اپنی بیشتر شوٹنگ مکمل کر لی تھی، تاہم چند اہم ایکشن مناظر ابھی فلمانا باقی تھے۔
ذرائع کے مطابق پروڈکشن ٹیم نے ابتدائی طور پر ان کے کردار کو دوبارہ کاسٹ کرنے یا مناظر ری شوٹ کرنے پر غور کیا، مگر بڑے ایکشن سینز کے باعث یہ آپشن مالی اور تکنیکی طور پر مشکل ثابت ہو رہا ہے۔
مزید یہ کہ سلمان خان کی مصروفیات اور شیڈول میچ کرنے میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں، جس سے فلم کی تکمیل مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق فلم ساز اب مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں، جن میں کردار کو نئے اداکار کے ساتھ دوبارہ فلمانا یا جدید ٹیکنالوجی یعنی AI اور VFX کے ذریعے پرشانت تمانگ کی موجودگی کو مکمل کرنا شامل ہے، تاہم اس کے لیے ان کے اہل خانہ کی اجازت درکار ہوگی۔









