سابق بھارتی لیگ اسپنر لکشمن سیوراماکرشنن نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے کمنٹری پینل سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے بورڈ پر مواقع نہ دینے اور مبینہ طور پر رنگ کی بنیاد پر امتیازی سلوک کا الزام عائد کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لکشمن سیوراماکرشنن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ وہ بی سی سی آئی کے لیے کمنٹری سے دستبردار ہو رہے ہیں۔
اِن کا کہنا تھا کہ گزشتہ 23 برسوں میں اِنہیں ٹاس یا پریزنٹیشن تقریبات کی میزبانی کا موقع نہیں دیا گیا جبکہ نئے آنے والے کمنٹیٹرز کو یہ ذمہ داریاں سونپی جاتی رہی ہیں۔
اُنہوں نے ایک مداح کو جواب دیتے ہوئے اشارہ دیا کہ اس کی ممکنہ وجہ رنگ کی بنیاد پر امتیاز ہو سکتی ہے۔
لکشمن سیوراماکرشنن کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر شدید بحث شروع ہو گئی جہاں کچھ صارفین نے ان کی حمایت کی جبکہ دیگر نے الزامات پر سوال اٹھائے۔
بھارتی اسپنر روی چندرن اشون نے بھی اس فیصلے پر حیرت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’اوہ نہیں! کم از کم اس آئی پی ایل تک انتظار کیوں نہیں کیا؟‘
بھارتی میڈیا کے مطابق لکشمن سیوراماکرشنن نے سن 2000ء میں کمنٹری کا آغاز کیا تھا اور وہ آئی سی سی کرکٹ کمیٹی میں پلیئر نمائندے کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ فی الحال بی سی سی آئی کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ طور پر ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔









