بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پنجاب حکومت توانائی بحران کے پیش نظر اہم تجاویز پر غور کر رہی ہے

لاہور: عالمی سطح پر توانائی بحران اور پڑوسی ممالک کی جنگ کے اثرات کے پیش نظر، پنجاب حکومت نے صوبے میں توانائی کے بہتر انتظام کے لیے کئی اہم سفارشات تیار کر لی ہیں۔
ذرائع کے مطابق محکمہ توانائی پنجاب نے حکومت کو تجاویز بھجوائیں ہیں، جن میں فیول کی منصفانہ تقسیم کے لیے وفاق کی طرز پر کوپن یا ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرانے کی تجویز شامل ہے۔ اس کے تحت مخصوص دنوں میں محدود تعداد میں گاڑیوں کو ایندھن فراہم کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کو 15 اپریل تک بڑھانے اور اسکولوں میں ہائبرڈ تعلیم کا نظام اپنانے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
نجی اداروں کے لیے ورک فرام ہوم کو سختی سے نافذ کرنے اور غیر ضروری تقریبات پر مکمل پابندی عائد کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ مزید برآں، میٹرو اور بس سروس میں اضافہ، رات 10 بجے کے بعد اسٹریٹ لائٹس کو متبادل موڈ پر چلانا، مارکیٹ کے اوقات کار محدود کرنا اور ایل ای ڈی بل بورڈز و آرائشی لائٹس بند کرنا بھی سفارشات میں شامل ہے۔
یہ اقدامات صوبے میں توانائی کے مؤثر استعمال اور شہری سہولیات پر کم سے کم اثر ڈالنے کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔