نامور پاکستانی اداکار شان شاہد کی فلم ’بلھا‘ نے ریلیز کے ابتدائی دو دنوں میں ہی باکس آفس پر شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 2 کروڑ 36 لاکھ روپے سے زائد کا بزنس کر لیا ہے۔
عیدالفطر کے موقع پر ریلیز ہونے والی اس فلم کو شائقین کی بھرپور توجہ حاصل ہوئی، جس کے باعث سنیما گھروں میں غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔ صرف پہلے دن ہی 25 ہزار سے زائد افراد نے فلم دیکھی۔
ایکشن، تھرل اور ایڈونچر سے بھرپور اس پنجابی فلم کو عید کی سب سے کامیاب فلم قرار دیا جا رہا ہے۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ طویل عرصے بعد انہیں ایک معیاری پنجابی فلم دیکھنے کو ملی ہے، جس میں ایکشن، رومانس اور موسیقی کا بہترین امتزاج موجود ہے۔
بین الاقوامی سطح پر بھی، خاص طور پر متحدہ عرب امارات میں، فلم کو مثبت ردعمل ملا ہے۔
ایک انٹرویو میں شان شاہد نے شائقین کی محبت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام لوگوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے فلم کو سراہا۔
یاد رہے کہ ’بلھا‘ کے ذریعے شان شاہد نے طویل عرصے بعد سلور اسکرین پر واپسی کی ہے۔ فلم کی کہانی معروف مصنف ناصر ادیب نے لکھی ہے جبکہ ہدایت کاری شعیب خان نے دی ہے۔ اس فلم میں شان شاہد ایک ایسے کردار میں نظر آتے ہیں جو مظلوموں کو انصاف دلانے کے لیے جدوجہد کرتا ہے۔
فلم ’بلھا‘ کی باکس آفس پر دھواں دار کامیابی








