ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی قانون مردہ ہو چکا ہے اور غزہ اور یوکرین کے معاملے پر مغرب کا معیار دوغلا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عباس عراقچی نے یہ بھی کہا کہ ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے سلسلے میں مغرب کی خاموشی اس دوغلے معیار کا واضح اظہار ہے۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے جرمن صدر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ جرمن صدر کو سراہتے ہیں جنہوں نے خاموشی توڑ کر ایران کے خلاف غیرقانونی جنگ کی مذمت کی۔
واضح رہے کہ جرمنی کے صدر فرینک والٹر شٹائن مائر نے امریکا کی ایران جنگ کو تباہ کن سیاسی غلطی اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔ برلن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جرمن صدر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ ایران کے خلاف یہ جنگ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ قانون کی حکمرانی پر یقین رکھنے والے بھی بین الاقوامی قوانین کی پامالیوں پر آواز بلند کریں، تاکہ عالمی سطح پر انصاف اور شفافیت قائم رہ سکے۔
عباس عراقچی: بین الاقوامی قانون مردہ ہو چکا، مغرب کا معیار دوغلا








