بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایران جنگ کے اثرات: فلپائن میں توانائی ایمرجنسی نافذ

فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے ایران کے خلاف جاری جنگ کے عالمی توانائی بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے ملکی سطح پر توانائی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق صدر مارکوس کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف کارروائیوں کے بعد پیدا ہونے والے ایندھن کی قلت اور توانائی بحران کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ یہ ایمرجنسی ایک سال تک نافذ رہے گی۔
فلپائن کی حکومت کے مطابق اس اقدام سے ایندھن، خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کی بروقت ترسیل اور دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا سکیں گے۔ حکام کو فوری تیل کی خریداری، پیشگی ادائیگی اور ذخیرہ اندوزی یا منافع خوری کے خلاف کارروائی کے اختیارات بھی دے دیے گئے ہیں۔
انٹرنیشنل انرجی ایجنسی کے مطابق دنیا اس وقت 1970 کی دہائی کے بڑے توانائی بحران کے مترادف حالات سے گزر رہی ہے۔ وزارت توانائی کی سیکریٹری شیرون گارین نے بتایا کہ موجودہ استعمال کے حساب سے فلپائن کے پاس تقریباً 45 دن کا ایندھن ذخیرہ موجود ہے۔ حکومت ایک ملین بیرل اضافی تیل خرید کر ذخیرہ بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے، تاہم عالمی سپلائی میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
عوام پر دباؤ کم کرنے کے لیے حکومت نے بعض شہروں میں طلبہ اور ملازمین کے لیے مفت بس سفر کی سہولت فراہم کی ہے، جبکہ موٹر سائیکل، ٹیکسی ڈرائیورز اور پبلک ٹرانسپورٹ کے کارکنوں کو پانچ ہزار روپے مالی امداد دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔