بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سپریم کورٹ کا توہین عدالت کی کارروائی سے متعلق اہم فیصلہ

سپریم کورٹ نے توہین عدالت کی کارروائی کے حوالے سے تحریری فیصلہ جاری کیا ہے، جس میں سندھ ہائی کورٹ کے سنگل اور ڈویژنل بینچ کے احکامات کو کالعدم قرار دے دیا گیا اور ہائی کورٹ کو قانون کے مطابق دوبارہ کارروائی شروع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
جسٹس محمد علی مظہر کی جانب سے جاری فیصلے میں واضح کیا گیا کہ توہین عدالت کی کارروائی میں ابتدائی سماعت لازمی ہے اور مبینہ توہین کرنے والے کو صفائی پیش کرنے کا موقع دینا قانونی تقاضا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ سنگل بینچ نے ابتدائی سماعت کے بغیر براہِ راست فردِ جرم کی تاریخ مقرر کی، جبکہ ڈویژنل بینچ نے بھی اس قانونی سقم کو نظر انداز کیا۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ عدالت ابتدائی سماعت کے بعد مطمئن ہونے پر ہی فردِ جرم عائد کر سکتی ہے۔
تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ توہین عدالت کی درخواست ہائی کورٹ میں زیر التوا رہے گی اور ہائی کورٹ کو قانونی طریقہ کار کے مطابق دوبارہ کارروائی مکمل کرنی ہوگی۔
واضح رہے کہ یہ معاملہ ایک سول کیس سے متعلق عدالتی حکم کی مبینہ خلاف ورزی پر دائر توہین عدالت کی درخواست سے جڑا ہے، جس میں ہائی کورٹ کے دونوں بینچز نے قانونی ضابطے کی مکمل پیروی نہ کرتے ہوئے کارروائی کی۔ سپریم کورٹ نے اب ان دونوں بینچز کے طریقہ کار کو قانون کی غلط تشریح قرار دیا ہے اور ہائی کورٹ کو درست طریقے سے کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔