خیرپور(نیوزڈیسک) ملک میں توانائی کے شعبے میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) نے خیرپور میں گیس کے نئے ذخائر دریافت کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان او جی ڈی سی کے مطابق سہتو-1 کنویں سے یومیہ 17.2 ملین مکعب فٹ گیس کی پیداوار حاصل ہو رہی ہے، جبکہ 3,390 پی ایس آئی دباؤ کے ساتھ مضبوط گیس ذخائر کی نشاندہی ہوئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ کنویں کی کھدائی دسمبر 2025 میں شروع کی گئی تھی اور 3,870 میٹر گہرائی تک ڈرلنگ کے بعد گیس دریافت ہوئی۔
اس منصوبے میں او جی ڈی سی کا 95 فیصد جبکہ گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ (جی ایچ پی ایل) کا 5 فیصد حصہ شامل ہے۔
ماہرین کے مطابق اس نئی دریافت سے ملک میں توانائی بحران میں کمی آئے گی اور درآمدی ایندھن پر انحصار مزید کم ہوگا، جس سے قومی معیشت کو استحکام ملنے کی توقع ہے۔









