بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جاپان میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کی تجویز زیرِ غور

جاپان نے توانائی کی ممکنہ قلت کے خدشات کے پیشِ نظر کوئلے سے بجلی کی پیداوار بڑھانے پر غور شروع کر دیا ہے۔
جاپان کی وزارتِ صنعت کے مطابق ماہرین کے پینل کے اجلاس میں یہ تجویز پیش کی جائے گی کہ نئے مالی سال کے آغاز سے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کیا جائے۔ اس اقدام کا مقصد توانائی کے متبادل ذرائع کو مستحکم بنانا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جاری کشیدگی کے باعث ایل این جی کی درآمدات میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ جاپان ہر سال تقریباً 4 ملین میٹرک ٹن ایل این جی درآمد کرتا ہے، جو اس کی مجموعی درآمدات کا لگ بھگ 6 فیصد ہے، اور یہ زیادہ تر آبنائے ہرمز کے راستے ملک تک پہنچتی ہے۔
وزارتِ معیشت، تجارت و صنعت (ایم ای ٹی آئی) نے اپنی تجویز میں کہا ہے کہ کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس کی پیداوار پر عائد 50 فیصد حد کو عارضی طور پر ایک سال کے لیے معطل کیا جا سکتا ہے تاکہ توانائی کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
حکام کے مطابق اس وقت جاپان کے پاس تقریباً 4 ملین ٹن ایل این جی کا ذخیرہ موجود ہے، جبکہ ملک کی بجلی کی پیداوار کا بڑا حصہ ایل این جی اور کوئلے سے حاصل کیا جاتا ہے اور تیل کا کردار نسبتاً محدود ہے۔
تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ اس تجویز کو حتمی منظوری کب دی جائے گی، لیکن ماہرین کے مطابق یہ قدم توانائی کے بحران سے نمٹنے کی ایک اہم حکمت عملی ثابت ہو سکتا ہے۔