اسلام آباد: ( نیوزڈیسک) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ پٹرول 95 روپے فی لٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 203 روپے فی لٹر اضافے کی تجویز تھی مگر حکومت عوام کو مشکلات سے بچانے کیلئے کوشاں ہے، اس ہفتے56ارب روپے کا اضافی بوجھ حکومت برداشت کرے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ایک طرف اپنے قومی مفادات کے تحفظ اور عوام کو عالمی سطح پر تیل کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات سے بچانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے، جبکہ دوسری جانب خطے میں امن کے قیام کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان موجودہ صورتحال میں دو اہم محاذوں پر سرگرم ہے۔ ایک طرف حکومت عوام کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے اثرات سے بچانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، جبکہ دوسری جانب سفارتی سطح پر جنگ کے خاتمے کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔









