سکردو: وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے سکردو میں علماء کرام اور علاقے کے عمائدین سے ملاقات کی، جس میں خطے میں امن، حالیہ واقعات اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔
وفاقی وزیر نے ایران کے سپریم رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے حالیہ ناخوشگوار واقعات میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی ماضی کی قربانیاں اور حب الوطنی کا جذبہ قابلِ فخر ہے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا امن و سکون کا چہرہ ہے اور یہ خطہ ہمیشہ سے امن کا گہوارہ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان سیاحتی حسن کا مرکز ہے جہاں ہر سال ہزاروں سیاح آتے ہیں، اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے ساتھ ترقیاتی عمل کو بھی تیز کیا جائے۔
وفاقی وزیر نے اکابر علماء کرام کی جانب سے قیامِ امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن کی بحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت حالیہ ناخوشگوار واقعات کی شفاف اور انصاف پر مبنی تحقیقات کو یقینی بنائے گی اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے علماء کرام اور عمائدین سے اپیل کی کہ وہ گلگت بلتستان کے امن و امان کو نقصان پہنچانے والے عناصر کی شناخت اور نشاندہی میں بھرپور تعاون کریں۔
اس موقع پر علماء کرام نے وفاقی وزیر کی بلتستان آمد کو وزیرِ اعظم کی ہدایت کے تحت سراہا اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے اپنی سفارشات پیش کرتے ہوئے جوڈیشل کمیشن کی شفاف تحقیقات پر زور دیا اور وفاقی حکومت سے مؤثر کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ علماء کرام نے کہا کہ گلگت بلتستان میں امن و امان برقرار رکھنا ان کی اولین ترجیح ہے اور انہوں نے حکومتی اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
سکردو: وفاقی وزیر امیر مقام کی علماء کرام و عمائدین سے ملاقات، امن و ترقی کے حوالے سے اہم گفتگو








