بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

انتخابات 2026، شیڈول مئی میں جاری ہو گا: چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر

مظفرآباد:(نیوزڈیسک) چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر نے کہا کہ انتخابات 2026 کا شیڈول مئی میں جاری کیا جائے گا۔آزاد کشمیر عام انتخابات 2026 کی تیاریوں پر چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفی مغل کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی گئی۔

جسٹس (ر) غلام مصطفی مغل نے کہا کہ انتخابات 2026 کا شیڈول مئی میں جاری کیا جائے گا، آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر اور پاک فوج کی نگرانی میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا، انتخابی عمل کو شفاف، منصفانہ اور غیر جانبدار بنانے کیلئے تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر گیلانی نے بتایا کہ ووٹر لسٹوں کی بروقت تیاری اور پولنگ سٹیشن سہولیات بہتر بنانے پر اتفاق ہوا، نادرا ڈیٹا بیس سے الیکٹورل رول کا ڈیجیٹل لنک مکمل، 18 سال مکمل کرنے والے نوجوان خودکار طور پر ووٹر لسٹ میں شامل ہوں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈ میں تبدیلیاں نادرا سسٹم سے خود بخود الیکشن کمیشن کو موصول ہوں گی، سیاسی جماعتوں سے کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات سوشل میڈیا پر شیئر کریں، مہاجرین جموں و کشمیر کے ووٹرز کی سہولت کیلئے خصوصی انتظامات پر مشاورت ہوگی۔

سیاسی جماعتوں نے اِس موقع پر تجویز پیش کی کہ نادرا موبائل وینز آزاد کشمیر میں فعال اور عوامی رجسٹریشن میں تیزی لائی جائے گی ، جب کہ ووٹر لسٹیں وارڈ کی سطح پر مرتب کی جائیں۔

اجلاس میں بعض یونین کونسلوں میں ووٹرز کی تعداد میں کمی پر تشویش کا اظہار اور سکیورٹی انتظامات فول پروف بنانے کی تجاویز پیش ضابطہ اخلاق واضح اور مؤثر بنانے پر زور دیا گیا اور مہاجرین حلقوں میں ووٹر لسٹوں کی درستگی کی ضرورت پر اتفاق ہوا۔

سیاسی رہنماؤں نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ مہاجرین حلقوں میں ملٹری فورس تعینات کی جائے، انتخابی شفافیت کیلئے مینویل چیکنگ طریقہ استعمال کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ووٹ کے تقدس کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے، قانون کے مطابق الیکشن سے 120 روز قبل ورکنگ پلان مکمل کیا گیا، تمام رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو مشاورت کیلئے مدعو کیا۔

الیکشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ ریاستی سبجیکٹ کا خاتمہ کمیشن کا اختیار نہیں، تمام سیاسی جماعتوں نے بروقت اور شفاف انتخابات کیلئے تعاون کا یقین دلایا،سیاسی جماعتیں انتخابات کی تیاریوں میں اپنی ذمہ داریاں مکمل کریں۔

علاوہ ازیں اجلاس میں 12 مہاجرین نشستوں کیلئے ووٹر سسٹم بہتر بنانے پر غور ہوا۔