بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پنجاب میں 22 کو حکومت بنائیں گے، پی ٹی آئی الیکشن کی تیاری کرے گی ، شیخ رشید

اسلام آباد(نیوزڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں 22 تاریخ کو حکومت بنائیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پی ٹی آئی آئندہ الیکشن کی تیاری کرے گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم سے خطاب میں چودھری پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ نامزد کریں گے۔
قبل ازیں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا تھا کہ قوم نے غیر ملکی سازش کو بے نقاب کیا ہے، پنجاب ضمنی الیکشن میں عوام نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ حکومت نے ہم پر ایک جیسے مقدمات مختلف تھانوں میں درج کیے، وزیرداخلہ رانا ثنااللہ منشیات کیس میں ملوث ہیں، راناثنااللہ نے میری تینوں بہنوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔
سینئر سیاستدان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی بہتر فیصلہ کرتی تو لاہور سے چوتھی نشست بھی جیت جاتی، گزشتہ روز کے الیکشن سے اسٹیبلشمنٹ کو عزت ملی، آج عمران خان پاکستان نہیں عالم اسلام کی آواز ہے ، حکومت نے نیب قانون میں بڑی اہم ترمیم کی ہے۔
سابق وزیرداخلہ نے کہا تھا کہ خوشی ہے کہ عوامی جذبات کو سمجھ لیا گیا ہے، اب کوئی حل نہیں ہے، شہبازشریف اسمبلیاں توڑیں اور الیکشن کا اعلان کریں۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف سے قسط ملنی ہے نہ ہی کسی ملک نے ان کو پیسے دینے ہیں، لکشمی چوک پر مسلم لیگ ن کا جنازہ نکلا، آصف زرداری خود کو صدر اور بیٹے کو وزیراعظم بنوانا چاہتے ہیں، پہلے ہی کہا تھا کہ 15 جولائی سے 30 اگست تک ملک کے اہم فیصلے ہوجائیں گے۔