لاہور(نیوزڈیسک): پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے ایک دلچسپ مقابلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے حیدرآباد کنگز مین کو 40 رنز سے شکست دے دی۔قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 175 رنز کے ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد کنگز مین کی بیٹنگ لائن دباؤ کا شکار رہی اور پوری ٹیم صرف 134 رنز بنا کر محدود ہو گئی۔ ٹیم کی جانب سے عرفان خان 33 اور حسان خان 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ کپتان مارنوس لبوشین 23 رنز بنا سکے۔ دیگر بیٹرز میں عثمان خان 14، صائم ایوب 8، سعد علی 7 اور حماد اعظم 6 رنز ہی بنا پائے، جبکہ معاذ صداقت بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہو گئے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ابرار احمد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ احمد دانیال نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ الزاری جوزف، عثمان طارق اور کپتان سعود شکیل نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے تھے۔ ٹیم کی جانب سے شمائل حسین نے 54 اور حسن نواز نے 53 رنز کی اہم اننگز کھیلیں، جبکہ ٹام کرن نے 31 رنز کا اضافہ کیا۔ دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے ریلے میریڈیتھ نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مہیش تھکشانا اور عاکف جاوید نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نہ صرف اہم پوائنٹس حاصل کیے بلکہ ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن بھی مضبوط کر لی۔
پی ایس ایل 11: گلیڈی ایٹرز نے کنگزمین کو 40 رنز سے ہرا دیا








