بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

صدر آصف علی زرداری کا خیبرپختونخوا میں کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق خیبر اور بنوں میں کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گردوں کی ہلاکت پر صدر مملکت نے سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو قابلِ تعریف قرار دیا۔

صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ وطنِ عزیز سے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی عزم غیر متزلزل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی سلامتی اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کے دفاع اور امن و استحکام کے قیام کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہی ہیں، اور پوری قوم ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔