بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آپریشن غضب للحق کے مثبت اثرات، دہشتگردی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ، عرب نیوز

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری آپریشن “غضب للحق” کے نتیجے میں دہشتگردی کے واقعات میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے، جسے ماہرین ملک کی مؤثر حکمت عملی اور غیر متزلزل عزم کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں۔

بین الاقوامی جریدے Arab News نے معروف تحقیقاتی ادارے Center for Research and Security Studies کی ایک تفصیلی رپورٹ شائع کی ہے، جس میں سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کے ٹھوس شواہد پیش کیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق فروری 2026 کے مقابلے میں مارچ 2026 کے دوران دہشتگردی کے واقعات میں 59 فیصد تک نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ مجموعی طور پر 2026 کی پہلی سہ ماہی میں بھی دہشتگردی کے واقعات میں 18 فیصد کمی سامنے آئی ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں نہ صرف حملوں کی تعداد کم ہوئی بلکہ جانی نقصان میں بھی کمی دیکھی گئی۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات میں 57 فیصد کمی رپورٹ ہوئی، جبکہ دیگر شہروں میں بھی سیکیورٹی صورتحال بہتر ہونے کے آثار نمایاں ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں دہشتگردوں کی ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ آپریشنز اب پہلے سے زیادہ مربوط، مؤثر اور فیصلہ کن ہو چکے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ شدت پسند گروہوں کی جانب سے بلوچستان، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوششیں جاری رہیں، تاہم مجموعی سیکیورٹی اقدامات نے ان کے اثرات کو محدود رکھا۔

عالمی ماہرین کے مطابق آپریشن “غضب للحق” کے تحت دہشتگردی کے نیٹ ورکس اور مراکز کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث ملک کے اندر امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھنا ناگزیر ہے۔

مجموعی طور پر دہشتگردی کے واقعات میں کمی کو پاکستان کی مضبوط حکمت عملی اور سیکیورٹی اداروں کی مسلسل کاوشوں کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے، جو ملک میں امن کے قیام کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔