بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مسٹر بیسٹ کا یوٹیوب چھوڑنے کا اعلان؟ سوشل میڈیا پر ہلچل، مداحوں کو تشویش

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا بھر میں اپنی منفرد ویڈیوز اور بڑے چیلنجز کے لیے مشہور یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے یکم اپریل کو ایک ایسا اعلان کیا جس نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچادی۔ انہوں نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر یہ کہہ کر سب کو چونکا دیا کہ وہ اپنا یوٹیوب چینل ڈیلیٹ کرنے جا رہے ہیں۔

جمی ڈونلڈسن المعروف مسٹر بیسٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام کے ساتھ ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں انہوں نے یوٹیوب سے وقفہ لینے کا عندیہ دیا۔ ان کے اس بیان نے مداحوں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا، کیونکہ وہ 300 ملین سے زائد سبسکرائبرز کے ساتھ دنیا کے سب سے بڑے یوٹیوبرز میں شمار ہوتے ہیں اور اپنے بڑے اسٹنٹس اور فلاحی کاموں کی وجہ سے عالمی شہرت رکھتے ہیں۔

اعلان کے بعد مختلف پلیٹ فارمز پر مداحوں کی جانب سے حیرت، پریشانی اور بے یقینی کا اظہار کیا جانے لگا۔ کئی افراد نے اسے یوٹیوب کی دنیا کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا، جبکہ کچھ صارفین اس خبر کی تصدیق کے لیے مسلسل معلومات حاصل کرنے میں مصروف رہے۔

تاہم کچھ ہی دیر بعد واضح ہوگیا کہ یہ دراصل اپریل فول کے موقع پر کیا گیا ایک مذاق تھا۔ مسٹر بیسٹ ماضی میں بھی یکم اپریل کو اسی نوعیت کے دلچسپ اور چونکا دینے والے پرینک کرتے رہے ہیں، جن میں جعلی منصوبوں اور حیران کن اعلانات کے ذریعے مداحوں کو حیران کرنا شامل ہوتا ہے۔

حقیقت سامنے آنے پر جہاں بیشتر مداحوں نے سکھ کا سانس لیا، وہیں کچھ صارفین نے اس مذاق کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے لاکھوں لوگوں میں بلاوجہ پریشانی پھیلی۔ اس کے باوجود یہ پرینک سوشل میڈیا پر خوب زیرِ بحث رہا اور دن بھر ٹرینڈ کرتا رہا، جس نے ایک بار پھر مسٹر بیسٹ کو خبروں کا مرکز بنا دیا۔