اسلام آباد (نیوز ڈیسک)جمعیت علمائے اسلام کے ترجمان اسلم غوری نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں اور مہنگائی پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ترجمان کے مطابق حکمران عوام پر “پیٹرول بموں” کے ذریعے بوجھ ڈال رہے ہیں، جو انتہائی افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کے کسی بھی ملک میں پیٹرول کی قیمتیں اتنی زیادہ نہیں جتنی پاکستان میں ہیں، جبکہ حکومت آئی ایم ایف کے دباؤ کے آگے بے بس نظر آتی ہے۔
اسلم غوری نے الزام عائد کیا کہ حکمران اپنی عوام کو معاشی مشکلات میں دھکیل رہے ہیں اور عوام پر مہنگائی کا دباؤ بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پالیسیوں کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور حالات بگڑتے جا رہے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کے بجائے حکومت کو اپنے اخراجات میں کمی کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق وزیروں اور مشیروں کے پروٹوکول اور اخراجات کم کر کے عوام کو ریلیف دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام میں بے چینی بڑھ رہی ہے اور حکمرانوں کی پالیسیوں نے معاشی دباؤ میں اضافہ کیا ہے، جس کے اثرات براہ راست عام شہریوں پر پڑ رہے ہیں۔









