بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مہنگا پیٹرول،وزیرِاعلیٰ سندھ نے موٹرسائیکل والوں کو خوشخبری سنادی

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے موٹرسائیکل سواروں کو اچھی خبر سنا دی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل جنگ ختم کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، خطے کی صورتحال بہت کشیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، موجودہ حالات دیکھتے ہوئے ہم نے کئی اقدامات کیے، وفاقی حکومت نے گزشتہ 3 ہفتوں میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت اجلاس میں کچھ اہم فیصلے ہوئے، امریکا ایران جنگ سے پاکستان شدید متاثر ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹارگٹڈ سبسڈی دینا ہوگی، چاروں صوبوں نے اپنے اپنے حساب سے تیاری کی، ہم نے فیصلہ کیا کہ موٹرسائیکل سواروں کو سبسڈی دی جائے، سندھ میں 66 لاکھ موٹرسائیکلیں رجسٹرد ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہر موٹرسائیکل والے کو اپریل میں 2 ہزار دیے جائیں گے، ایپ میں جس کے نام پر موٹرسائیکل ہوگی اس کے اکاؤنٹ میں پیسے دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام جلد سے جلد اپنے نام پر موٹرسائیکل منتقل کریں، ایپ میں اپنا شناختی کارڈ نمبر ڈالنے سے موٹرسائیکل کا نمبر آ جائے گا۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اگر موٹرسائیکل آپ کے نام نہیں تو 15 دن میں اپنے نام کروا لیں، موٹرسائیکل کی ٹرانسفر فیس معاف کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوئر کلاس کے ریلوے کرایوں میں اضافہ نہیں ہوگا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں صرف اپریل کے مہینے میں یہ سبسڈی دی جائے گی، چھوٹے کاشتکاروں کو بھی 1500 روپے فی ایکڑ دیے جائیں گے، محکمہ زراعت سندھ کے پاس تین لاکھ 36 ہزار چھوٹے کاشتکار رجسٹرڈ ہیں، چھوٹے کاشتکاروں کو ایک ماہ کے لیے سبسڈی دی جائے گی۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ 25 ایکڑ سے کم کے زمینداروں کو 1500 روپے فی ایکڑ ادا کیے جائیں گے، ٹارگٹڈ سبسڈی کا بوجھ صوبوں کو خود اٹھانا پڑے گا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو ایک لاکھ روپے، 2 ایکسلز ٹرک کو 70 ہزار، بڑے ٹرک کو 80 ہزار روپے ماہانہ دیں گے، تمام رجسٹرڈ مسافر بسوں اور ٹرک مالکان کو بھی سبسڈی دی جائے گی، یہ سبسڈی وفاقی حکومت کی طرف سے دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ صرف رجسٹرڈ گاڑیوں، ٹرکوں، موٹرسائیکلوں کو سبسڈی ملے گی، 27 ہزار 297 بسیں سندھ میں رجسٹرڈ ہیں۔