اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیرِاعظم شہباز شریف نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں ان کی قومی، سیاسی اور آئینی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے بطور وزیراعظم ملک کی ترقی، خوشحالی اور دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے خلوص نیت سے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 1973 کے آئین کی تیاری اور منظوری میں بھٹو کا کردار نہایت اہم اور تعمیری تھا، جس نے ملک میں پارلیمانی نظام اور جمہوریت کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے جمہوریت کے فروغ، عوامی طرز حکمرانی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے نمایاں اقدامات کیے، جبکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کی مؤثر نمائندگی کی۔
انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کی قربانی جمہوریت کے استحکام کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔
وزیراعظم نے آخر میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔









