لاہور (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ حکومتی پالیسیوں کا نتیجہ نہیں بلکہ بین الاقوامی حالات کا اثر ہے، اور حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے پر مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ کرایوں میں غیر ضروری اضافہ نہ ہو اور عوام پر بوجھ کم رکھا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی صوبائی حکومتیں بھی اپنے طور پر ریلیف اقدامات کر رہی ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال عالمی سطح پر پیدا ہونے والی کشیدگی، خصوصاً مشرقِ وسطیٰ میں تنازع کے باعث پیدا ہوئی ہے، جس کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سفارتی سطح پر اس کشیدگی کے خاتمے کے لیے کوششیں کر رہا ہے تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مستحکم ہو سکیں۔
انہوں نے زور دیا کہ اس مشکل صورتحال کو قومی چیلنج سمجھتے ہوئے سب کو مل کر مقابلہ کرنا ہوگا اور غیر ضروری سیاست یا سنسنی خیزی سے گریز کرنا چاہیے۔ وزیر منصوبہ بندی نے میڈیا اور عوام سے اپیل کی کہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور توانائی کے محتاط استعمال کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ پٹرول اور بجلی کے غیر ضروری استعمال سے گریز کریں، کار پولنگ کو فروغ دیں اور گھروں میں توانائی کے ضیاع کو کم کریں تاکہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہو سکے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ مارکیٹس کے اوقات کار میں تبدیلی بھی زیر غور ہے، اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ تاجر برادری سے مشاورت کے بعد جلدی دکانیں بند کرنے کا لائحہ عمل تیار کیا جائے تاکہ توانائی کے اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پرائس مانیٹرنگ کے عمل کو مزید سخت کیا جا رہا ہے اور ٹرانسپورٹ کرایوں یا اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بلاجواز اضافے کے خلاف کارروائی کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ عام شہری کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔









