لاہور (نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے پاک بحریہ کے بیڑے میں جدید جنگی جہاز پی این ایس خیبر کی شمولیت پر دلی مسرت اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملکی دفاعی صلاحیتوں میں اہم اضافہ قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ پیش رفت نہ صرف پاکستان کی بحری سرحدوں کے مؤثر تحفظ کی جانب ایک سنگِ میل ہے بلکہ قومی سلامتی کو مزید مضبوط بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع انتہائی اہم ہے جہاں سے عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے بڑے بحری راستے گزرتے ہیں، اس لیے ایک مضبوط، متوازن اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس بحریہ وقت کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے “معرکۂ حق” کے دوران پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور حکمتِ عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بحریہ نے دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کیا اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور بحری مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا، جبکہ جدید جنگی پلیٹ فارمز بشمول پی این ایس خیبر اور آئندہ آنے والی ہنگور کلاس آبدوزیں بحریہ کی آپریشنل صلاحیت اور اسٹریٹجک رسائی میں نمایاں اضافہ کریں گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت پاک بحریہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ ملک کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنایا جا سکے۔









