اسلام آباد (طارق محمود سمیر) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان اور سول انتظامیہ بھرپور انداز میں سرگرم عمل ہیں۔
چمن، قلعہ عبداللہ، گلستان، لورالائی، دوبندی، سبی اور دکی سمیت کئی علاقوں میں بارشوں کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوئے، جس کے بعد فوری طور پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن شروع کر دیے گئے۔ ایف سی بلوچستان (نارتھ) کے جوان مختلف متاثرہ علاقوں میں شہریوں اور مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں، جبکہ ضرورت مند افراد تک خوراک اور طبی امداد بھی پہنچائی جا رہی ہے۔
عوام کی سہولت کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں ٹریفک کنٹرول سینٹرز بھی قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ آمدورفت کو بہتر بنایا جا سکے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔
مقامی شہریوں نے ایف سی بلوچستان اور سول انتظامیہ کی بروقت کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں اداروں کی فوری مدد نے ان کے مسائل میں نمایاں کمی کی ہے۔ متاثرین نے امدادی ٹیموں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
بلوچستان میں بارشوں کے بعد ریسکیو آپریشن، ایف سی اور انتظامیہ متحرک








