بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

تیل بحران پر قابو، حکومت متحرک: عطاء اللہ تارڑ

لاہور۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں جاری تیل کے بحران کے باوجود پاکستان میں ایندھن کی قلت پیدا نہیں ہونے دی گئی اور حکومت صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور خطے میں کشیدگی کے باعث سپلائی لائن بھی متاثر ہوئی ہے، تاہم حکومت نے بروقت اقدامات کے ذریعے ملک میں تیل کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف روزانہ کی بنیاد پر وزارتوں سے کارکردگی رپورٹس طلب کرتے ہیں اور کفایت شعاری مہم پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عام آدمی کو مشکلات سے بچانے کے لیے پرعزم ہے اور اسی مقصد کے تحت ٹارگٹڈ سبسڈی دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے تقریباً 129 ارب روپے کی سبسڈی دے کر تین ہفتوں تک عوام کو ریلیف فراہم کیا، جبکہ پٹرول کی قیمت میں 80 روپے فی لیٹر تک کمی بھی ممکن بنائی گئی۔ مزید برآں، پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے شعبے کے لیے خصوصی سبسڈی دی گئی اور اس مقصد کے لیے ڈیجیٹل والٹ کا نظام بھی متعارف کرایا گیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ دیگر ممالک میں پٹرول پمپوں پر طویل قطاریں دیکھنے میں آ رہی ہیں، لیکن پاکستان میں ایسی صورتحال پیدا نہیں ہوئی، جو حکومتی حکمت عملی کی کامیابی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ موجودہ حالات میں توانائی کا محتاط استعمال کریں اور قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر عوام کی سہولت کے لیے اقدامات کر رہی ہیں اور مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔