لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے اہم پیکج کا اعلان کرتے ہوئے موٹرسائیکل رجسٹریشن اور ٹرانسفر فیس مکمل طور پر ختم کر دی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عام آدمی پر بڑھتے معاشی بوجھ کو کم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسی لیے صوبے بھر میں موٹر بائیک رجسٹریشن اور ٹرانسفر فیس معاف کر دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید اعلان کیا کہ ہر رجسٹرڈ موٹرسائیکل کو ماہانہ 2 ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی، جبکہ 20 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کی سبسڈی بھی فراہم کی جائے گی۔ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے موٹر بائیک مالکان ہیلپ لائن 1000 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب ایک بار پھر عوامی ریلیف میں دیگر صوبوں سے آگے نکل گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی عارضی طور پر مفت کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت دی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی ہیں اور آئندہ بھی ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
پنجاب میں موٹرسائیکل فیس ختم، پیٹرول سبسڈی سمیت بڑا ریلیف پیکج








