اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں عوامی ریلیف اور پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ اور علی پرویز ملک نے بھی شرکت کی، جہاں عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت معاشی طور پر کمزور طبقے کو جلد از جلد ریلیف دینے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عام آدمی کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے لیے سبسڈی کی رقم کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے، جو ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے شفاف انداز میں منتقل کی جا رہی ہے۔ اسی طرح بسوں، ٹرکوں اور دیگر مال بردار گاڑیوں کے لیے بھی سبسڈی کی ادائیگی کا نظام فعال کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کفایت شعاری اور سادگی کے ذریعے بچائی گئی رقم براہِ راست عوام کی فلاح پر خرچ کی جا رہی ہے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ہیں، جو ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہیں۔
مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، وزیراعظم کا عزم








