ابو ظہبی (ویب ڈیسک)بوروج پیٹروکیمیکلز پلانٹ میں ’متعدد مقامات پر آگ‘ لگنے کے واقعات پیش آئے۔ انتظامیہ کی جانب سے ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ پلانٹ میں آگ فضا میں ناکارہ بنائے جانے والے میزائل اور ڈرونز کا ملبہ اس پر گرنے سے لگی۔
گزشتہ روز بھی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ مُلکی دفاعی نظام کی جانب سے مبینہ طور پر ایران سے داغے جانے والے میزائلوں اور ڈرونز کو ناکارہ بنانے کے لیے ہونے والی کارروائیاں جاری ہیں۔
بحرین میں گلف پیٹروکیمیکل انڈسٹریز کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی ایک تنصیب ڈرون حملے کی زد میں آئی، تاہم سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اس تنصیب کی ایک جانب لگنے والی آگ پر اب قابو پا لیا گیا ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارے کی جانب سے باپکو انرجیز میں ایک ٹینک میں لگنے والی آگ کی بھی اطلاع دی۔
کویتی حکام کے مطابق ایران کے ڈرون حملے میں کویتی آئل پلانٹ میں آگ لگ گئی ہے، ڈرون حملوں میں آئل تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا، آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اسرائیلی حکام نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ رات بھر اور آج صبح ایران کی جانب سے مزید میزائل حملے کیے گئے اور اب کہا جا رہا ہے کہ مُلک کا دفاعی نظام میزائل اور ڈرونز کو نشانہ بنانے کے لیے فعال ہے۔









