بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

افغان طالبان کا دہشت گرد حبیب اللہ بلوچستان سے گرفتار

کوئٹہ : افغان طالبان کے دہشت گرد حبیب اللہ کو بلوچستان سےگرفتار کرلیا گیا ، حبیب اللہ کابھائی کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں سیکورٹی فورسز نے ایک اہم انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران افغان طالبان ( سے تعلق رکھنے والے خطرناک دہشت گرد حبیب اللہ عرف ‘لالو’ کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حمزہ شفقات اور وزیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس حوالے سے سنسنی خیز انکشافات کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد حبیب اللہ کی عمر 20 سال ہے اور وہ ‘لالو’ کے نام سے بلوچستان میں دہشت گردانہ کارروائیاں کرتا تھا اور ایف سی کے دو جوانوں کی شہادت میں براہِ راست ملوث ہے۔

انھوں نے بتایا کہ انکشاف ہوا ہے کہ حبیب اللہ کا بھائی افغانستان کے علاقے پکتیکا میں کالعدم ٹی ٹی پی کا کمانڈر ہے۔ یہ گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے کہ ٹی ٹی اے اور ٹی ٹی پی مل کر بلوچستان میں کارروائیاں کر رہی ہیں۔

حمزہ شفقات نے کہا کہ حبیب اللہ کو پہلے بھی گرفتار کیا گیا تھا، لیکن اس وقت اس نے خود کو ‘بھٹکا ہوا عام افغانی’ ظاہر کیا، جس پر پاکستان نے خیر سگالی کے طور پر اسے افغان حکام کے حوالے کر دیا تھا۔ تاہم، وہ دوبارہ پاکستان میں داخل ہوا اور دہشت گردی کی کارروائیاں شروع کر دیں۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ اب تک بلوچستان سے 9 لاکھ 60 ہزار غیر قانونی مقیم افغانوں کو واپس بھیجا جا چکا ہے، گزشتہ ایک سال کے دوران بلوچستان میں ہزاروں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے ہیں۔

وزیر داخلہ ضیا لانگو نے واضح کیا کہ افغانستان کی زمین پاکستان کے خلاف استعمال کی جا رہی ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ “پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔”