اسلام آباد(نیوزڈیسک)اسلام آباد ٹریفک پولیس کےلئے الیکٹرک گاڑیوں کے حوالے میںمنعقدہ تقریب میں وزیر اعظم کی شرکت۔ ٹریفک نظام کو جدید اور ماحول دوست بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں Islamabad Capital Territory Traffic Police کو نئی الیکٹرک گاڑیوں کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا۔
اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ابتدائی مرحلے میں ٹریفک پولیس کے بیڑے میں 15 ایکو اسمارٹ الیکٹرک وہیکلز شامل کی گئی ہیں، جو حکومت کی توانائی بچت اور ماحول دوست پالیسی کا حصہ ہیں۔
حکام کے مطابق ان گاڑیوں کی خریداری کا عمل چند ماہ قبل ہی شروع کر دیا گیا تھا، تاکہ بدلتی عالمی صورتحال اور توانائی کے ممکنہ بحران سے پہلے متبادل ذرائع کو اپنایا جا سکے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہر گاڑی کے ساتھ ایک مکمل ٹیم تعینات ہوگی، جس میں کپتان، رسپانڈر اور ڈرائیور شامل ہوں گے، جبکہ ان کے لیے خصوصی وردیاں بھی متعارف کرائی جائیں گی۔ یہ گاڑیاں شہر کی مصروف شاہراہوں پر تعینات ہوں گی تاکہ ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنایا جا سکے اور شہریوں کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
تکنیکی لحاظ سے یہ گاڑیاں ایک بار مکمل چارج ہونے پر 350 سے 400 کلومیٹر تک سفر کر سکتی ہیں۔ فاسٹ چارجنگ کے ذریعے انہیں 60 سے 90 منٹ میں جبکہ عام چارجنگ سے 6 سے 8 گھنٹوں میں مکمل چارج کیا جا سکتا ہے۔
حکام کے مطابق ان برقی گاڑیوں کے استعمال سے فی گاڑی ماہانہ تقریباً 5 لاکھ 50 ہزار روپے تک کی بچت ممکن ہوگی، جبکہ 13 سے 14 ماہ میں یہ اپنی لاگت بھی پوری کر لیں گی۔
مزید بتایا گیا کہ جلد ہی 15 مزید الیکٹرک گاڑیاں بھی اس بیڑے میں شامل کی جائیں گی، جس سے دارالحکومت میں ٹریفک مینجمنٹ مزید مؤثر ہو جائے گی۔ یہ اقدام وفاقی حکومت کے جدید ٹریفک مینجمنٹ پلان کا حصہ ہے، جس کا مقصد شہریوں کو بہتر، تیز اور ماحول دوست سہولیات فراہم کرنا ہے۔









