بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایران امریکا سیز فائر تجویز کو ’اسلام آباد اکارڈ‘ کا نام دیا جا رہا ہے: رائٹرز

واشنگثن (نیوزڈیسک)پاکستان کی جانب سے شیئر کیا گیا جنگ بندی فریم ورک 2 مراحل پر مشتمل ہے۔پاکستان نے جامع جنگ بندی کا فریم ورک امریکا اور ایران کے ساتھ شیئر کر دیا ہے اور معاہدے کو ’اسلام آباد اکارڈ‘ کا نام دیا جا رہا ہے۔برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز نے جنگ بندی تجویز سے واقف ذرائع کے حوالے سے بتایا ہےکہ پاکستان کی جانب سے شیئر کیا گیا جنگ بندی فریم ورک 2 مراحل پر مشتمل ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق پہلے مرحلےمیں فوری جنگ بندی اور بعد میں جامع جنگ بندی معاہدہ شامل ہے۔رائٹرز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر جنگ بندی کی تجویز کے حوالے سے گزشتہ رات امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس، صدر ٹرمپ کے مشیر اسٹیو وٹکوف اور ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے۔

برطانوی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی معاہدے کو ’اسلام آباد معاہدے‘ کا نام دیا جا رہا ہے جس کے تحت ابتدائی طور پر آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھولا جائے گا، پھر 15 سے 20 روز کے دوران جنگ بندی کے لیے جامع فریم ورک تیار کیا جائے گا، اسلام آباد معاہدے پر آج اتفاق رائے متوقع ہے۔

دوسری جانب سینئر ایرانی حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کی جانب سے فوری جنگ بندی کی تجویز موصول ہو گئی ہے، ایران پاکستان کی تجویز کا جائزہ لے رہا ہے، کسی فیصلے کے لیے کسی قسم کی ڈیڈ لائن یا دباؤ کو قبول نہیں کریں گے۔

پاکستانی حکام نے ایران کے خلاف جاری امریکی اسرائیلی جنگ کے خاتمے کے لیے کسی مجوزہ فریم ورک پر کسی بھی قسم کے تبصرے سے گریز کیا ہے۔پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان طاہر حسن اندرانی نے الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے ایران کے خلاف جاری امریکی و اسرائیلی جنگ کے خاتمے کے لیے کسی مجوزہ فریم ورک کی تصدیق یا تردید کرنے سے انکار کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا 45 دن کی جنگ بندی کی پیشکش یا 15 نکاتی تبادلے سے متعلق کئی رپورٹس سامنے آئی ہیں تاہم ہم انفرادی اور مخصوص معاملات پر تبصرہ نہیں کرتے، ہمارا واضح مؤقف ہے کہ امن کا عمل جاری ہے۔